پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

شہدائے سیہون کے خاندانوں کو ابھی تک انصاف نہ ملنا افسوسناک عمل ہے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے زیرِ اہتمام شہداء سانحہ سیہون کی چھٹی برسی و استحکامِ پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ گولڈن گیٹ درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ پر منعقدہ کانفرنس میں علامہ شبیر حسن میثمی، مرکزی نائب صدر علامہ باقر نجفی، حسنین مہدی رضوی، علامہ رضی حیدر زیدی، علامہ کامران حیدر عابدی، علامہ محمد علی جروار، علامہ اسد رضا نعیمی، علامہ عزیز اللہ شاہ، علی نقوی، کوثر رضا، شفاعت پہلوانی، ذوالفقار رضوی، دوست محمد ونگانی سمیت مرکزی عہدیداران، علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، تنظیمی کارکنان سمیت عوام نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر خصوصی ٹیلیفونک خطاب ایس یو سی کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کیا۔ شرکاء کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب میں علامہ ساجد نقوی نے شہداء کے خانوادوں کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ آئین اور قانون کی بالادستی کا نہ ہونا ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ شہداء سیہون کے خاندانوں کو ابھی تک انصاف کا نہ ملنا افسوسناک عمل ہے، ملک میں کسی مسلکی و فرقہ وارانہ نصاب کے نفاذ کو قبول نہیں کریں گے، ہم نے ملک میں اتحاد امت کی بنیاد رکھی، نصاب بھی مشترکات پر مبنی ہونا چاہیئے، ہم اس پر مسلسل کام کررہے ہیں۔ زائرین کا مسئلہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کا کام ہے کہ ایسی پالیسی بنائے کہ زائرین کو سہولت ملے ناکہ ان کی تذلیل ہو یہ قابل قبول نہیں، فورتھ شیڈول کی پابندیاں بھی جھوٹ پر مبنی ہیں، لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ علامہ شبیر میثمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے خلاف سنگین سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، چند افراد پہ مشتمل اجلاس میں متنازعہ فوجداری ترمیمی بل 2021ء کا پاس ہوجانا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، حقوق کے حصول اور انکے تحفظ کی خاطر ہماری جدوجہد مسلسل جاری ہے۔

علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا کہ درگاہ حضرت لال شہباز قلندرؒ پر ملک دشمن دہشت گردوں کے خودکش حملے اور اس سانحے میں درجنوں عاشقان قلندرؒ کے قتل عام کو 6 برس کا عرصہ گزر گیا لیکن قاتل اور انکے سہولت کار تاحال آزاد اور وارثان شہداء ریاست سے انصاف کے طلبگار ہیں، ان برسوں میں آج تک کسی طرح کے حقائق منظر عام پر نہ لائے جاسکے اور لواحقین آج تک انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں بڑھتی ہوشرباء مہنگائی اور عالمی مالیاتی اداروں کی غریب کش اور صہیونی نواز پالیسیوں کو وطن عزیز پر مسلط کرنے کی بھرہور مذمت کرتے ہیں، نیز حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غریب پرور معاشی پالیسی تشکیل دی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button