واضح ہوگیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ٹھیک نہیں، راہول گاندھی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)بھارت کی حزب اختلاف کی جماعت انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے سری نگر ایئرپورٹ سے واپس بھیجے جانے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں اور کشمیر میں صورت حال واضح طور پر ٹھیک نہیں ہے۔واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے راہول گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کے وفد کو سری نگر ایئرپورٹ سے ہی واپس بھیجتے ہوئے انہیں وادی کا دورہ نہیں کرنے دیا تھا۔
زرائع کے مطابق راہول گاندھی نے سری نگر سے واپسی پر دہلی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘وفد وادی کے لوگوں کے تاثرات جاننے کا خواہش مند تھا لیکن ہمیں ایئر پورٹ سے آگے جانے نہیں دیا گیا۔راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ‘چند دن قبل مجھے مقبوضہ جموں اور کشمیر کے گورنر نے دعوت دی تھی اور میں نے دعوت قبول کرلی تھی’، دورے میں ‘ہم جاننا چاہتے تھے کہ عوام کس صورت حال سے گزر رہے ہیں لیکن ہمیں ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے ساتھ آئے ہوئے پریس کے اراکین سے بدتمیزی اور تشدد کیا گیا، یہ واضح ہے کہ مقبوضہ جموں اور کشمیر میں صورت حال ٹھیک نہیں ہے۔اس موقع پر کانگریس کے رہنما غلام نبی آزاد کا کہنا تھا کہ ‘سری نگر میں صورت حال خوف ناک ہے۔
راہول گاندھی کے ساتھ سری نگر سے واپس آنے والے غلام نبی آزاد نے کہا کہ ‘ہمیں شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی لیکن جموں اور کشمیر کی صورت حال خوف ناک ہے، پرواز میں موجود مسافروں سے ہم نے تازہ کہانیاں سنیں، جس سے پتھر کے بھی آنسو نکل آئیں گے۔