حماس کو ختم کرنا ناممکن ہے، سرگئی لاروف
شیعہ نیوز: اپنے دورہ ملیشیاء کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روس کے وزیر خارجہ "سرگئی لاروف” نے کہا کہ فی الوقت غزہ کی پٹی میں جنگ اور قتل و غارت گری کا خاتمہ ممکن دکھائی نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی تجاویز کے جواب میں "نتین یاہو” کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک جنگ جاری رکھیں گے جب تک "حماس” کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ سرگئی لاروف نے مزید کہا کہ میں اور میرے معاونین سمجھتے ہیں کہ ایسی تنظیم جو اپنا بین الاقوامی وجود رکھتی ہو اور دوسرے اسلامی ممالک میں اس کی کافی حمایت بھی ہو اسے ختم کرنے کی بات کرنا عاقلانہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم کی جانب سے فوری جنگ بندی کی مخالفت کے باوجود وہ اشتعال انگیزی کے خاتمے کے لئے بتدریج امن منصوبہ پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مصر اور قطر کی طرح بعض عرب ممالک امریکیوں کے تعاون سے اسرائیلیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔ تاہم یہ بات مناسب نہیں ہے کہ فلسطینیوں کو ان اجلاسوں سے دور رکھا جائے جو ان کی قسمت کا تعین کرنے کے لئے منعقد کئے گئے ہوں۔ سرگئی لاروف نے کہا کہ ہم فلسطینی اتحاد کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ روسی وزیر خارجہ اسنیچر کے روز لاؤس سے کوالالمپور پہنچے جہاں انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی یونین (آسیان) کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی۔