بین المسالک ہم آہنگی کیساتھ ہی اسلاموفوبیا کا مقابلہ ممکن ہے، مہران مواحد فر
شیعہ نیوز: لاہور میں ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر کی جانب سے مختلف مکاتب فکر کے دینی مدارس کے علماء اور ماہرین تعلیم کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہران مواحد فر نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی کیساتھ ہی اسلاموفوبیا کا مقابلہ ممکن ہے، امت باہمی وحدت سے ہی اسلام دشمنوں کی سازشیں ناکام بنا سکتی ہے۔ ہمیں اپنے درمیان نفرتوں کو جگہ نہیں دینی چاہیئے بلکہ وحدت و بھائی چارے کے فروغ کیلئے سب کو مل کرکام کرنا ہوگا۔ ایرانی قونصل جنرل نے غزہ کے ایشو پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف ڈٹے ہوئے فلسطینیوں کی حمایت پر پاکستانی علماء کے موقف کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی عوام اسرائیل کیخلاف صف اول میں ہیں۔ مہران مواحد فر کا مزید کہنا تھا کہ عالمی یوم القدس پر دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ گزشتہ 5 ماہ میں 32 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، ان شہداء میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کیلئے خوراک اور ادویات کی سپلائی بھی روک رکھی ہے، جو دراصل فلسطینیوں کے نسل کشی کے مترادف ہے۔ مہمانوں نے ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران اور پاکستان دو اسلامی برادر ممالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مکاتب فکر متحد ہیں اور اسلام کی بقاء کیلئے وحدت کو اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اہلبیتؑ کیساتھ واضح عقیدت رکھتے ہیں اور ایران عراق زیارات کیلئے جانا سعادت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو خواہ ان کی وابستگی جس بھی مکتب فکر سے ہے، ان کو مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں کھڑا ہونا ہوگا۔