
یہی وقت ہے بھارتی مسلمان آزادی کا راستہ چن لیں، جواد نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ کے تاحیات سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے بھارت میں مسلمانوں کی موجودہ حالت کے حوالے سے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن مسلمان رہنماوں نے تحریکِ پاکستان چلائی تھی اور پاکستان بنایا تھا، اُس وقت انڈیا میں بعض مسلمان رہنماؤں نے پاکستان بنانے کی مخالفت کی تھی، لیکن اب انڈیا کے مسلمانوں کیلئے بہت ہی حساس وقت آن پہنچا ہے اور یہ پہلے سے ہی متوقع تھا۔
انہوں نے کہا کہ جن مسلمان رہنماؤں نے پاکستان بنایا اور قیامِ پاکستان کی تحریک چلائی، انہوں نے اِسی دن کے خوف سے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت بنائی تھی کہ جس میں اِن کی جان و مال محفوظ ہو اور متعصب اکثریت کے سامنے مسلمان بے عزت نہ ہوں، قتل و غارت نہ ہو۔ پاکستان کی مخالفت کرنیوالوں کو اب انڈیا میں رہنا مہنگا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی وقت تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کو یہ توقع تھی کہ ان کے اوپر بھی ایک دن ایسا ہو گا اب وہ قائدین کہہ رہے ہیں کہ اس وقت جو پیش گوئیاں کی گئیں وہ درست ثابت ہو رہی ہیں، اب اِس وقت بھارت میں یہ معاملہ قابو سے باہر چلا گیا ہے، کیونکہ دنیا کی طرف سے اور کسی اسلامی ملک کی طرف سے کوئی پریشر نہیں ہے، پہلے "برما” میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا جبکہ وہ ایک ٹیسٹ طور پر تھا کہ مسلمانوں میں سے روہنگیا مسلمانوں کے حق میں کوئی اُٹھتا ہے؟ کسی نے کوئی آواز نہیں اُٹھائی، صرف پریس بیانات اور این جی اوز کی حد تک معاملہ رہا۔ اُسی برما حکومت کیساتھ تمام مسلمان ممالک کے روابط قائم ہیں، کسی نے برما کا سفیر نہیں نکالا، کسی نے تعلقات نہیں توڑے، کسی نے تجارت ختم نہیں کی، یہ ٹیسٹ تھا اور وہاں مسلمانوں کی یہ نبض تھی۔
انڈیا کے اندر رہنے والے مسلمانوں نے اگر اُس وقت ستر سال پہلے ایک غلطی کی، ستر سال پہلے قبول نہیں کیا تھا تو آج کے حالات اور اِن ستر سالوں میں جو کچھ ہوا ہے، اِس کی بنیاد پر اب اِن کے اندر سنجیدگی کی ضرورت ہے۔
علامہ جواد نقوی نے کہا کہ اب یہی وقت ہے مسلمان لیڈر شپ، مسلمان عوام اور ہر طبقے و ہر فرقے کیلئے کہ اب راہِ آزادی چن لیں اور یہ راستہ ایسے حالات میں بھارتی مسلمانوں کیلئے اِس وقت کربلا کا سماں ہے۔