جیکب آباد، شہدائے شب عاشور کی یاد میں عظمت شہداء کانفرنس کا انعقاد
شیعہ نیوز:شہدائے سانحہ شب عاشور جیکب آباد کی آٹھویں برسی کے موقع پر مقتل شہداء جیکب آباد پر عظیم الشان عظمت شہداء کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی۔ جبکہ کانفرنس کے مہمان خصوصی ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی اور معروف سماجی رہنماء حاجی شیر محمد مغیری تھے۔ عظمت شہداء کانفرنس سے معروف نوحہ خوان سید رضا عباس شاہ، علامہ سیف علی ڈومکی، معروف نوحہ خوان سید میر کاظمی، مولانا منور حسین سولنگی، معروف استاد رہنماء انتظار حسین چھلگری، سید احسان علی شاہ بخاری، سید کامران علی شاہ نے خطاب کیا۔ اس موقع پر شہدائے شب عاشور کی یاد میں شمع روشن کرکے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہداء محفل بشری کی شمع ہیں۔
جن کے افکار اور پاکیزہ خون ظلمتوں میں روشنی پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہدائے سانحہ شب عاشور جیکب آباد کے کیس کو ری اوپن کرتے ہوئے شہداء کے خون سے انصاف کیا جائے، اور شہداء شب عاشور کا یادگار ٹاور تعمیر کیا جائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ ہم فلسطین کے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں اور غزہ کی سرزمین پر جاری مقاومت اور مزاحمت کو پورے عالمِ اسلام کی حمایت حاصل ہے ۔ اس موقع پر ممتاز سماجی رہنماء حاجی شیر محمد مغیری نے کہا کہ جن ظالم دہشتگردوں نے جیکب آباد کی دھرتی پر بم دھماکہ کیا وہ یزیدی نسل اور کردار رکھتے ہیں۔ شہدائے جیکب آباد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، اصغر علی سیٹھار، سید لعل شاہ، دولھ دریا خان، شاکر حسین، فہیم، گلشیر سیٹھار و دیگر خصوصی طور پر شریک ہوئے۔