
جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں فلسطین سے یک جہتی کا عظیم الشان مارچ
شیعہ نیوز: اسلام آباد میں فلسطین سے یک جہتی کے عظیم الشان مارچ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور امریکہ کی حمایت سے غزہ میں جاری نسل کشی پر مبنی غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی مذمت کی۔
نمائندے نے اسلام آباد سے رپورٹ دی ہے کہ اتوار کو جماعت اسلامی کی کال پر غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام سے یک جہتی کے اعلان کے لئے عظیم الشان مارچ نکالا گیا ۔
اس مارچ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت اور اسرائیل نیز امریکہ کے خلاف نعرے لگآئے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اس صیہونیت مخالف مارچ سے خطاب میں کہا کہ دلیر فلسطینیوں کے لئے انصاف کے حصول کے راستے میں ہماری استقامت جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : فرانس کو فلسطین کی حمایت مہنگی پڑسکتی ہے، صہیونی وزیر خارجہ کی دھمکی
انھوں نے اپنے خطاب میں غاصب صیہونیوں کے خلاف جنگ میں حماس کے بہادر سپاہیوں کی شجاعت کو قابل تعریف بتایا اور فلسطین کے استقامتی محاذ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ہمیں اسرائیل اور اس کے اتحادی ملکوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرکے، بیت المقدس پر قابض غاصب صیہونی حکومت کی رگ حیات منقطع کرنے میں تعاون کرنا چاہئے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اپنے ملک کی حکومت کو مخاطب کرکے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ یک جہتی کے اظہار اور اسرائیل کے خلاف وسیع مظاہروں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
اس مارچ کے شرکا نے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ فلسطینی عوام سے یک جہتی مارچ کے شرکا نے اسی کے ساتھ، امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے کے نعرے لگائے اور کہا کہ فلسطینی عوام کی نسل کشی میں امریکیوں کی مشارکت کو تاریخ ہرگز فراموش نہیں کرے گی۔