اہم پاکستانی خبریں

سعودی عرب اور ایران کے مضبوط ہوتے تعلقات پوری امت کے لیے خیر اور اطمینان کا پیغام ہیں، لیاقت بلوچ

شیعہ نیوز: نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی یکجہتی فلسطین کے لیے ملک گیر ہڑتال کی کال پر ملک بھر کی تاجر برادری سے اتفاقِ رائے ہوگیا ہے کہ 26 اپریل کو پورے ملک میں ایک دِن ملک گیر شٹرڈان ہڑتال ہوگی۔ 20 اپریل کو اسلام آباد میں اسرائیلی صیہونی مظالم کے خلاف اور مظلوم بہادر فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تاریخ ساز، فقیدالمثال غزہ مارچ ہوگا۔ حکومتِ پاکستان فلسطین کے مسئلہ پر بزدلی، بے حِسی اور مجرمانہ غفلت ترک کرے اور سفارتی، اقتصادی، عسکری محاذوں پر فعالیت کے لیے اہم ترین مسلم ممالک سے مِل کر لائحہ عمل بنانے کی سرگرمی پیدا کرے، وگرنہ پاکستان کے عوام غزہ مارچ، ملک گیر ہڑتال، فلسطین مارچ کے بعد حکومت کی بیحِسی اور بزدلی کے خلاف فیصلہ کن اقدام کریں گے۔

لیاقت بلوچ نے لاہور میں مِلی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما پیر ہارون گیلانی سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے مضبوط ہوتے تعلقات پوری امت کے لیے خیر اور اطمینان کا پیغام ہیں۔ اِسی طرح پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش دو قالب یک جان ہیں۔ اِس موقع پر اتفاق رائے پایا گیا کہ ہدیۃ الہادی کی میزبانی میں 21 اپریل کو درگاہ میاں میر پر قومی قیادت سے رابطوں کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے لاہور میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر پوری قوم کو تشویش ہے۔ حالات کی خرابی کے بیشمار اسباب ہیں لیکن اعتماد کی بحالی کے لیے لاپتہ افراد کی بازیابی، بلوچستان کی قید خواتین کی رہائی اور بلوچستان کے مسائل کا عسکری نہیں سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button