جماعت اسلامی نے بجلی کے بلوں اور ناجائز ٹیکس کیخلاف احتجاج کی کال دیدی
انہوں نے کہا کہ انہیں آئی پی پیز کو لگام ڈالنا ہوگی، رپورٹ سے کچھ نہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین و لبنان پر حملہ آور ہے
شیعہ نیوز : جماعت اسلامی نے بجلی کے بلوں اور ناجائز ٹیکس کیخلاف احتجاج کی کال دیدی، 29 ستمبر کو ملک بھر میں احتجاجی دھرنا دینے اور 27 اکتوبر تک بجلی کے بل ادا نہ کرنے کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن 45 دن کی ڈیڈلائن مکمل ہونے پر حکومت پر برس پڑے۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ بس بہت ہو چکا، بجلی کے بلوں اور ناجائز ٹیکسز کیخلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 29 ستمبر سے 27 اکتوبر تک نئی احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں، عوام سے پوچھ کر فیصلہ کریں گے بل ادا ہی نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 29 ستمبر کو مختلف شہروں میں بڑے بڑے مظاہرے کریں گے۔ جماعت اسلامی یکم اکتوبر سے 7 اکتوبر تک غزہ و لبنان کے لوگوں کے نام کرے گی۔ 7 اکتوبر کے بعد نئی مزاحمتی تحریک شروع کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھاکہ احتجاجی دھرنا اور ریلیاں نکالیں گے،23 سے 27 اکتوبر تک پاکستانی عوام سے رابطہ کرکے ریفرنڈم کریں گے۔ آنیوالے بلوں کی ادائیگی کرنی چاہیے یا نہیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں، جن کا حق ہے انہیں ملنا چاہئیے، جنہوں نے ناجائز سیٹوں کو لیا، حلف بھی اٹھا لیے، ان کا کیا کرنا ہے، قوم کو پتہ ہونا چاہئیے کہ جو ناجائز سیٹوں پر قبضہ کرتے ہیں وہ کتنے جمہوری لوگ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل پر میرا مؤقف وہی ہے جو حکومت پاکستان کی پالیسی ہے، عمران خان
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہونی چاہئیے، انہیں سیاسی بنیادوں پر قید نہیں کرنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی سمیت کسی کو بھی قید میں نہیں ڈالنا چاہیے، بلکہ آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرنا چاہئیے، جو جو بانی پی ٹی آئی پر الزامات لگے اس پر تو پوری پی ڈی ایم جیل میں ہونی چاہئیے۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے پاس ملین مارچ کا آپشن ہے، جو لانگ مارچ کی شکل بھی اختیار کرسکتا ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں آئی پی پیز کو لگام ڈالنا ہوگی، رپورٹ سے کچھ نہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین و لبنان پر حملہ آور ہے، ایک سال کی غزہ کی مزاحمت و قربانیوں پر اپنی تحریک فلسطینیوں کے نام کریں گے۔