
جماعت اسلامی کا شاندار اقدام، بریلوی، دیوبندی، اہلحدیث اور شیعہ تمام مسالک کیلئے ایک ہی مسجد علیؑ کا افتتاح
جاوید اقبال مرحوم اس مسجد کی تعمیر کے صرف منصوبہ ساز ہی نہیں تھے، بلکہ اس کی ڈیزائننگ و تعمیر کے نگران اور اس کے لئے وسائل کا بندوبست کرنے والے بھی تھے
شیعہ نیوز: امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن صاحب نے گوجرانوالہ میں جامع مسجد علیؓ کا افتتاح کر دیا- الحمدللہ یہ مسجد کسی خاص مسلک کے لوگوں کے لئے نہیں، بلکہ بریلوی، دیوبندی، اہلحدیث اور شیعہ سمیت تمام مسالک کے مسلمانوں کے لئے ہے-
چند سال پہلے فرقہ پرستی سے پاک اس مسجد کی تعمیر کا منصوبہ بنانے والوں میں راقم الحروف، مظہر اقبال رندھاوا، شیخ محمد طارق، ادریس ایوب شیخ، ڈاکٹر محمد عبیداللہ کے ساتھ شریک ہمارے چار بھائی صدیق احسن بٹ مرحوم، محمد سلیم بٹ مرحوم، محمد منشاء مغل مرحوم اور جاوید اقبال مرحوم اس وقت جنت الفردوس کے مکین ہیں- اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے- آمین- ثم آمین
یہ بھی پڑھیں : مفتی منیر شاکر کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس
جاوید اقبال مرحوم اس مسجد کی تعمیر کے صرف منصوبہ ساز ہی نہیں تھے، بلکہ اس کی ڈیزائننگ و تعمیر کے نگران اور اس کے لئے وسائل کا بندوبست کرنے والے بھی تھے- اس خوبصورت مسجد کا نقشہ و ڈیزائننگ جاوید اقبال مرحوم کے ذوق و شوق کا منہ بولتا ثبوت ہے- یہ مسجد تیاری کے آخری مرحلے میں داخل ہوئی تو چند ماہ پہلے جاوید اقبال مرحوم اپنے رب کے حضور پیش ہو گئے- ان کے ماسٹر پلان کے مطابق اس مسجد کی تعمیر کے بعد اس کے بالکل قریب جماعت اسلامی کا دفتر اور غریب طلبہ کی رہائش کے لئے ایک ہوسٹل کی تعمیر بھی ہونا ہے- ان شاءاللہ
جماعتِ اسلامی کے ذمہ داران و کارکنان سے میری گزارش ہے کہ ملک کے کونے کونے میں فرقہ پرستی سے پاک ایسی مساجد کی تعمیرات شروع کریں، جہاں خواتین کے لئے بھی جائے نماز مختص کئے جائیں، جہاں مسافروں اور غریب طلبہ و طالبات کے لئے رہائش کا انتظام ہو، جہاں دینی و عصری تعلیم کا بندوبست ہو، جہاں محلے کے مسائل پر گفتگو، مشاورت اور حل کے لئے پنچائت لگے، جہاں لوگ اپنے تنازعات کا شریعت کے مطابق فیصلہ کروانے کے لئے رضاکارانہ طور پر رجوع کریں، جہاں سیاست، معیشت، معاشرت اور ریاست کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالنے کی منصوبہ بندی ہو اور جہاں سے لوگوں کو محبت، خلوص، ایثار اور احساس میسر ہو-