
جامعہ عروۃ الوثقی کی جانب سے شاندار ’’وحدت ریلی‘‘ کا انعقاد
پاکستان کی سب سے منظم اور شاندار ’’وحدت ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جشن میلاد مصطفی اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سےلاہور میںعلامہ جواد نقوی کے جامعہ عروۃ الوثقی کی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کی سب سے منظم اور شاندار ’’وحدت ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق علامہ جواد نقوی کے جامعہ عروۃ الوثقی کی جانب سے لاہور میں امسال بھی ہفتہ وحدت کی مناسبت سے پاکستان کی سب سے منظم اور عظیم الشان ریلی بعنوان ’’وحدت ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے تاحیات سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ خاتم الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اللہ کی عظیم نعمت اور مرکز وحدت ہیں، مسلمان حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ کو مرکزیت قرار دے کر اتحادِ امت کو یقینی بنا سکتے ہیں، وحدت صرف وقت کی ضرورت نہیں بلکہ دین کا تقاضا، اللہ، رسول اور قرآن کا حکم بھی ہے۔
ریلی میں پیر مقدس کاظمی، پیر علی رضا، مولانا توقیر عباس، مولانا ناصر کربلائی سمیت جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے طلباء اوراساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وحدت ریلی میں سرکار دو عالم حضرت محمد (ص) کی بارگاہ میں درود و سلام اور ہدیہ نعت پیش کرتے رہے۔ ریلی چند رائے روڈ سے فیروز پور روڈ، کوٹ لکھپت پھاٹک سے ہوتی ہوئی واپس جامعہ عروۃ الوثقیٰ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔