
فلسطینی عوام، پنجۂ مرحب سے نجات کیلئے کسی حیدر کرّار کے منتظر ہیں، علامہ جواد نقوی
علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ غزہ کے مظلوموں کی دلخراش فریادوں کے مقابلے میں عالم اسلام کی خاموشی، اُمت مسلمہ کے تمام طبقات کی بے حسی، حکمرانوں کی خیانت، علماء کی مصلحت کوشی، عوام کی لاتعلقی، صہیونی و امریکی ظلم و بربریت اور درندگی سے زیادہ تکلیف دہ ہے
شیعہ نیوز : ولادتِ باسعادت امیرالمومنین حضرت علیؑ اور یومِ تأسیس جامعہ عروۃ الوثقی کی مناسبت سے عظیم المقاصد کانفرنس بعنوان ’’بڑھ کے خیبر سے ہے معرکۂ غزہ و فلسطین‘‘سے خطاب کرتے ہوئےتحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ غزہ کے مظلوموں کی دلخراش فریادوں کے مقابلے میں عالم اسلام کی خاموشی، اُمت مسلمہ کے تمام طبقات کی بے حسی، حکمرانوں کی خیانت، علماء کی مصلحت کوشی، عوام کی لاتعلقی، صہیونی و امریکی ظلم و بربریت اور درندگی سے زیادہ تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی دنیا کی خیانت اور بے حسی کے زخم خوردہ فلسطینی پنجۂ مرحب سے نجات کیلئے اس زمانے میں کسی حیدر کرّار کے منتظر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حضرت علیؑ کے یوم ولادت اور جامعہ عروۃ الوثقی کا یومِ تأسیس، شیعہ سنی علماءومشائخ کی شرکت
سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پاکستان میں اپنے اثر و نفوذ کے ذریعے ہمارے فیصلے جکڑ لیے ہیں اور ملک کی آزادی کو گروی رکھ دیا ہے۔ اگر ہم اسلام آباد میں اس دشمن کے تسلط کو توڑیں، اس کے ناپاک اثرات کا خاتمہ کریں، تو یہ غزہ اور فلسطین کی بہت بڑی مدد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس دشمن کیخلاف قیام ہماری قومی غیرت اور فلسطینیوں کے خون کا تقاضا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ایسے وقت میں جب فلسطین کے عوام غزہ میں ظلم و بربریت کا شکار ہیں، پاکستان کو اس درد اور کرب کا حصہ بننا چاہیے تھا، مگر افسوس کہ حکمران طبقہ اور نام نہاد گروہ ذاتی مفادات کے کھیل میں مصروف ہیں اور عوام کی توجہ غزہ و فلسطین سے ہٹانے پہ لگے ہوئے ہیں۔