پشاور، جامعہ عارف حسین الحسینی میں جشن مولود کعبہ کا اہتمام
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جامعہ شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی (رح) پشاور میں یوم ولادت امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے جشن مولود کعبہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سمیت نوجوانوں اور علاقہ عوام نے شرکت کی۔
پرنور محفل سے اہلسنت مذہبی شخصیت حبیب اللہ چشتی، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران مہران اسکند ریان، وقار حیدر جعفری، علامہ عابد حسین شاکری اور علامہ احسان اللہ محسنی نے خطاب کیا۔
اس موقع پر سابق سینیٹر اور بزرگ عالم دین علامہ سید جواد ہادی بھی موجود تھے۔ مقررین نے سیرت امام علی علیہ السلام پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کے مابین اتحاد کی ضرورت پر خاص طور پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مولا علی علیہ السلام کی سیرت مبارکہ کی پیروی کرتے ہوئے امت مسلمہ نجات حاصل کرسکتی ہے۔ محفل میلاد کے دوران منقبت خوانی بھی کی گئی اور بارگاہ امیر المومنین ؑ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔