جوبائیڈن کا پاکستانی ایٹمی پروگرام پر زبان درازی کرنا قابل مذمت ہے، ظفر حیدر
شیعہ نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ظفر حیدر نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے پاکستانی ایٹمی پروگرام پر زبان درازی کرنا قابل مذمت ہے، ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرا کر لاکھوں انسانوں کو قتل کرنے والے امریکہ کا موجودہ صدر کہتا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطرناک ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے آج تک کسی ملک پر کوئی ایٹمی حملہ نہیں کیا جبکہ امریکہ نے تو سمندروں اور فضاؤں میں بھی ایٹمی تابکاری کا زہر گھولا مگر الزام صرف پاکستان پر رکھا۔ ظفر حیدر نے مزید کہا کہ ہم امریکی صدر اور اس کے حواریوں کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اپنی اوقات میں رہو پاکستان تمہاری کالونی نہیں کہ جو تم بول دو گے یہاں برداشت کر لیا جائے گا، یاد رکھو پاکستان میں بسنے والے ہزاروں مسلمان پاکستان میں موجود تمہارے دفاتر باخوبی جانتے ہیں۔