
ضلع کرم کا سب سے بڑا جلوس کل برآمد ہوگا
جلوسوں کے اختتام پر تمام امام بارگاہوں میں مجالس شام غریباں بھی برپا کی جائیں گی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) قبائلی ضلع کرم کی سینکڑوں امام بارگاہوں میں مجالس اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے اور عزادار امام عالی مقام حسین علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
مرکزی امام بارگاہ پاراچنار سے رات کے جلوسوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، جو صبح تک جاری رہتا ہے جبکہ آج شب عاشور کے موقع پر ضلع بھر کی مختلف امام بارگاہوں سے بھی رات کے جلوس برآمد کئے جائیں گے۔ عزادروں کے لیے جگہ جگہ نیاز حسین کا اہتمام کیا گیا ہے اور سبلیں لگائی گئی ہیں۔
یوم عاشور کے موقع پر خیبر پختونخوا میں عزاداری کا سب سے بڑا جلوس پاراچنار کی مرکزی امام بارگاہ سے برآمد کیا جائے گا۔ جو شام کو واپس اسی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔ عزاداروں کے جلوسوں کے اختتام پر تمام امام بارگاہوں میں مجالس شام غریباں بھی برپا کی جائیں گی۔ پاراچنار سمیت ضلع کرم میں ماتمی مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ تیرہویں محرم تک جاری رہے گا۔ شہداء کربلا کے سوئم کے موقع پر نیاز حسین کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ تیرہویں محرم تک سرکاری طور پر تعطیلات کی گئی ہیں۔