اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کالعدم لشکر جھنگوی اب داعش کا حصہ بن چکا ہے: وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانے کی کوشش کی اور مارچ میں ہی کابینہ کو بھارت کی پاکستان میں فرقہ وارانہ تصادم کی کوششوں سے آگاہ کردیا گیا تھا۔

کوئٹہ کے دورے پر قبائلی عمائدین اور ہزارہ لواحقین سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی کے اداروں نے آگاہ کردیا تھا کہ بھارت پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارت شعیہ اور سنی علما کو قتل کرکے پورے ملک میں براردیوں کے درمیان انتشار پھیلانا چاہتا ہے‘۔

عمران خان نے کہا کہ اس حوالے سے میں نے کابینہ کو آگاہ کیا اور بیان بھی دیا جب ایک سنی عالم کو کراچی میں قتل کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انٹر سروس انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کو داد دیتا ہوں جنہوں نے 3-4 سازشیں بے نقاب کیں جس میں علما کے قتل کی سازش کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک بڑی گیم کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے ایک فرقہ ورانہ گروہ کا نام لے کر مذمت کی تو انہوں نے مجھے دھمکیاں دیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’میں ہزارہ برداری کے مسائل کے بارے میں گزشتہ 20 برس سے جانتا ہوں‘۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا صفایا کرچکی ہیں لیکن صرف 35 سے 40 دہشت گرد موجود ہیں اور یہ جو پہلے لشکر جھنگوی تھا اب آئی ایس کا حصہ بن چکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا ایک سیل بن رہا ہے جس کا مقصد ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقصد متاثرہ خاندان اور پوری برادری کو اعتماد دلانا تھا کہ ہماری حکومت کی جانب سے برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے شرکا سے کہا کہ ‘آپ کو سمجھنا چاہیے کہ وزیراعظم کے لیے اور چیز ہوتی ہے، بطور عام شہری میں خود آپ کے پاس آیا تھا لیکن بطور وزیراعظم سارے ملک کے اندر کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا کہ ایسا سانحہ نہ ہو’۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس لیے میں نے متعدد مرتبہ پیغام دیا کہ آپ تدفین کردیں اور آپ کے دکھ اور درد میں شریک ہونے کے لیے فوری آؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر آپ شرط لگائیں گے تو آج میں اور کل دوسرا وزیراعظم ہوگا تو اس کے لیے مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ میں وفاقی وزرا سمیت سیکیورٹی کے اداروں سے سانحہ مچھ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں مسلسل رابطے میں تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آپ نے ہمارے بات مانی اور شہیدوں کو سپرد خاک کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شعیہ سنی فساد پیدا کرنے والوں سے واقف ہیں، میرا مقصد صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ مسلم ممالک میں اتحاد پیدا کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button