
مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور لبنان میں انسانیت کی پامالی عالمی برادری کیلئے چیلنج ہے، گورنر سندھ کامران ٹیسوری
اقوامِ متحدہ اب بھی پائیدار امن کے حوالے سے بہترین امید ہے، درپیش چیلنجز سے عہدہ برآں ہونے کیلئے مشترکہ اقدامات انتہائی ناگزیر ہیں۔
شیعہ نیوز : گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور لبنان میں انسانیت کی پامالی عالمی برادری کیلئے چیلنج ہے، پُرامن دنیا کیلئے پاکستان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ گورنر سندھ نے اقوامِ متحدہ کے دن کے حوالے سے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ اب بھی پائیدار امن کے حوالے سے بہترین امید ہے، درپیش چیلنجز سے عہدہ برآں ہونے کیلئے مشترکہ اقدامات انتہائی ناگزیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی فوجی جریدے کی جانب سے پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیرکو شاندار خراج تحسین
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پُرعزم ہے، پاکستان امن دستوں میں سب سے بڑا اور طویل عرصے سے شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کی عالمی جنگ میں ہر اوّل دستہ کا کردار ادا کیا، ہزاروں قیمتی جانیں قربان کیں، اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھایا، افسوس اس کا مناسب اعتراف نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ تنازعات کے خاتمے، انسانیت کے تحفظ میں مدد فراہم کرنا اقوامِ متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔