پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کراچی: اربعین حسینی میں پچیس لاکھ عزاداروں کی شرکت

شیعہ نیوز : سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کا چہلم ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی عقیدت و احترام سے منایا گیا، جس میں تقریباً پچیس سے تیس لاکھ عزاداروں نے شرکت کرکے تاریخ رقم کردی۔

نواسہ رسول خدا ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کے چہلم کی مرکزی مجلس عزا پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نشتر پارک میں منعقد ہوئی، جس میں مصائب شہدائے کربلا علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے بیان کئے۔

بعد ازاں بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر میں اختتام پذیر ہوا۔

مرکزی جلوس عزا میں مختلف اقسام کی زیارات جس میں علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح اور شبیہ جھولہ حضرت علی اصغر علیہ السلام شامل تھے برآمد کی گئیں جب کہ ماتمی انجمنوں نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کی۔

مرکزی جلوس میں خواتین، بچوں، بوڑھوں سمیت لاکھوں عزاداران امام مظلومؑ نے شرکت کی جس کی تعداد کا اندازہ 25 سے 30 لاکھ لگایا جارہا ہے۔

دوران مرکزی جلوس باجماعت نماز ظہرین امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام 2 بجے مسجد و امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے ایم اے جناح روڈ پر مولانا محمد امین شہیدی کی زیر اقتدا ادا کی گئی۔

نماز ظہرین کے بعد عزادارانِ سید الشہداءؑ نے شیطان بزرگ امریکا، ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل، شاتم قرآن مجید سوئیڈن اور ان کے حواریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مذکورہ ممالک کے پرچم نذرِ آتش کئے۔

مرکزی جلوس عزا کے دوران ہیت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کی جانب سے متنازعہ توہین صحابہ بل کے خلاف یکم ربیع الاول کو اسلام آباد اجتماع سے متعلق آگاہی کیمپ بھی لگایا گیا تھا۔

جلوس کی گزرگاہ پر عزاداروں کیلئے پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئیں، جبکہ نذر و نیاز کی تقسیم بھی کی گئی۔ اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے، جبکہ ہيلی کاپٹر کے ذريعے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button