اہم پاکستانی خبریں

کراچی، خانہ فرہنگ ایران میں اسلامی انقلاب کی 45ویں سالگرہ کی پُروقار تقریب کا انعقاد

شیعہ نیوز: انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کی 45ویں سالگرہ کے موقع پر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کراچی کی جانب سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایران اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے اسلامی انقلاب کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد نے اس شاندار تقریب میں شرکت کے ذریعے اسلامی انقلاب، بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ اور رہبر انقلاب اسلامی امام سید علی خامنہ ای سے اپنی گہری عقیدت کا بھرپور اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سرکردہ مذہبی اسکالر اور حوزہ علمیہ امام خمینیؒ کے سربراہ  آیت اللہ غلام عباس رئیسی نے گذشتہ 45 سالوں کے دوران حضرت امام خمینیؒ کے راستے پر استقامت و ثابت قدمی کے ساتھ گامزن رہ کر عظیم کارنامے انجام دینے پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای کی سیاسی بصیرت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی قوم پر مکمل اعتماد کے ساتھ دشمن  کے مقابلے میں ثابت قدمی کا مظاہرہ اور قومی و دینی مفاد میں بروقت مؤثر فیصلہ کرنا حضرت امام خمینیؒ کی اہم ترین خصوصیات تھیں، جو مدبرانہ قیادت کی بدولت رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای کو منتقل ہوئی ہیں۔

کراچی میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان، خانہ فرہنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا، شہید سعید حیدر زیدی کی اہلیہ اور دارالثقلین پبلی کیشنز کی سربراہ عالمہ نزہت زیدی نے اپنی تقاریر میں انقلاب اسلامی کے علمی، سیاسی، روحانی اور سائنسی ثمرات کے موضوع پر خیالات کا اظہار کیا اور اسلام دشمن عالمی سامراجی طاقتوں کے خلاف مزاحمت کو مستحکم کرنے کیلئے مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کی کامیابیوں کے حوالے سے اپنے خیالات بیان کئے اور تمام مسلمانوں کو اسلام کی سربلندی کی خاطر دشمنان اسلام سے نبرد آزما ہونے کیلئے حضرت امام خمینیؒ کے راستے کی پیروی اور اس پر گامزن رہنے کی تاکید کی۔

ایوارڈ یافتہ کتاب "فارس شہنشاہوں کی سرزمین” کے مصنف و معروف فزیشین ڈاکٹر افتخار صلاح الدین اور بول میڈیا گروپ کے صدر اور ایڈیٹر ان چیف نذیر لغاری نے سرزمین ایران کی شاندار تاریخ، اسلامی انقلاب کے علاقائی اور عالمی اثرات اور موجوہ ایران کی پیشرفت و ترقی کو بیان کرتے ہوئے اپنے دورہ ایران کی دلچسپ یادیں پیش کیں، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ تقریب کے دوران معروف منقبت خواں سید علی دیپ رضوی نے انقلاب اسلامی سے متعلق خصوصی کلام بھی پیش کیا۔ اس یادگار تقریب کے آخری مرحلے میں حضرت امام خمینیؒ اور امام خامنہ ای سے عقیدت رکھنے والے کچھ منتخب افراد کو شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا، جنہوں نے مسلم معاشرے میں اسلامی انقلاب کی تعلیمات و اہداف اور اس کے مختلف مادی و معنوی پہلوؤں کو اجاگر کرنے میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button