
کراچی، حب ریور روڈ پر حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، فتنہ الخوارج کے دو دہشت گرد جہنم واصل
شیعہ نیوز:وفاقی حساس ادارے اور سندھ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (CTD) نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے حب ریور روڈ کے علاقے آسکانی محلہ تھانہ موچکو کی حدود میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کر دی جس کے جواب میں دوطرفہ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مقابلے کے دوران فتنہ الخوارج کے دو دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے، حساس ادارے کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ مقام پر دہشت گرد ممکنہ تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
مقابلے کے بعد علاقے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا۔ موقعے سے خودکش جیکٹ، ایک کلاشنکوف، ایک پسٹل اور بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کسی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جسے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا گیا۔
آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سی ٹی ڈی اور وفاقی ادارے کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔