
کراچی، ایم ڈبلیو ایم کا غزہ و لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاج
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے غزہ و لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منایا گیا۔شہر قائد کی مختلف جامع مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امری کی و اسرائیلی جارحیت کھلے عام جاری ہے، فلسطین، یمن، لبنان، شام، عراق اور ایران صہیونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہیں ہیں، عرب ممالک نے اپنی غیرت و حمیت یہودیوں کے ہاتھوں بیچ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک مظلوم مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے، سید حسن نصر اللہ دنیا بھر کے مظلوموں کی آواز تھے، شہید اسماعیل ہانیہ اور حسن نصر اللہ عالم اسلام کے ہیرو ہیں، تحریک مقاومت بہت جلد اسرائیل کا خاتمہ کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حکمران امریکی غلام اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، حکومت امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے عوامی مخالفت کومول نہ لے، گزشتہ دنوں پر امن ریلی کے شرکاء پر جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں، پر امن ریلی پر پولیس گردی جمہوری اقدار کی پامالی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں قائم امریکی سفارتخانہ جاسوسی کا اڈہ اور ملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہے، امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ مظاہرے سے علامہ ملک عباس، علامہ بشیر انصاری، علامہ مبشر حسن نے بھی خطاب کیا۔ نور ایمان احتجاج میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری اور صدر عزاداری ونگ رضی حیدر زیدی، جنرل سیکرٹری امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن عون علی اور مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کے صدر علامہ ملک غلام عباس شریک تھے۔