کربلا مسلمین کی نجات کی کشتی ہے، علامہ سید جواد نقوی
شیعہ نیوز:جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور میں محرم الحرام کی مناسبت سے "ذکر نواسہ رسولؑ” کے عنوان سے عشرہ شروع ہوگیا۔ عشرہ کے دوران اہلسنت علماء بھی واقعہ کربلا اور امام حسینؑ کے افکار پر روشنی ڈالیں گے۔ آج یکم محرم منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم تربیت علامہ محمود مسعود قادری خطاب کریں گے، جبکہ دو محرم الحرام کو خطیب جامع مسجد کیولری گراونڈ لاہور حافظ ظفراللہ شفیق ذکر شہدائے کربلا کریں گے۔ اسی طرح تین محرم الحرام کو نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان فرید احمد پراچہ، چار محرم کو خطیب مسجد فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا مفتی سید عاشق حسین ذکر محمدﷺ و آل محمدؑ بیان کریں گے۔ پانچ محرم کو سجادہ نشین درگاہ عالیہ علی پور چٹھہ پیر غلام رسول اویسی، چھ محرم الحرام کو نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن رانا محمد ادریس ذکر شہدائے کربلا کریں گے۔
سات محرم الحرام کو حافظ ناصر محمود، آٹھ محرم کو ڈاکٹر صداقت فریدی اور نو محرم الحرام کو پیر سید ہارون علی گیلانی مجلس عزاء سے خطاب کریں گے، جبکہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی روزانہ رات ساڑھے آٹھ بجے مجلس عزاء سے خطاب کیا کریں گے۔ اس حوالے سے علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ محرم تشیع کا ورثہ نہیں، محرم اسلام کیلئے ہے، محرم اہل قبلہ کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کربلا و عاشورا سے لوگوں کو دور کر دیا جائے تو اس کا نقصان انہیں ہوگا، جو ان سے دور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا تمام مسلمین کی نجات کی کشتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں پہلی بار جامعہ عروۃ الوثقیٰ اتحاد بین المسلمین کی عملی تعبیر پیش کر رہا ہے، یہ محض باتوں سے کام نہیں چلایا جاتا بلکہ علمی طور پر وحدت کا اظہار ہوتا ہے، بھائی چارے اور اتحاد کی بات ہوتی ہے اور اس پر عمل بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں عشرہ محرم میں کربلا کا حقیقی پیغام لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔