
کربلائے معلی کے قریب بس میں دھماکا، 12افراد شہید متعدد زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراق کے شہر کربلا میں مسافر بس میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
بس عراق کے شہر کربلا اور الہلا کے درمیان واقع عراقی فوجی چوکی کے پاس سے گزر رہی تھی کہ بس میں دھماکا ہو گیا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ دھماکے بعد بس میں آگ لگ گئی اور کم از کم 12 مسافر شہید اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہید یا زخمی ہونے والے تمام افراد عراقی ہیں اور کوئی غیرملکی شامل نہیں ہے۔
عراقی سکیورٹی اہلکار کا کہنا ہے کہ ایک شخص بس میں جر الصخر کے مقام پر سوار ہوا اور وہ دھماکہ خیز مواد بس میں چھوڑ کر اتر گیا ۔
ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ شہید ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں جو بس میں دھماکے اور اس کے بعد لگنے والی آگ کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔
ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جبکہ دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عراق کے انسداد دہشت گردی شعبے کے سربراہ جنرل طالب شغاتی نے واقعے کے بعد بغداد میں خصوصی آپریشن کے کمانڈروں سے ملاقات میں تاکید کی کہ ہم اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں جس سے عراق کو خطرہ ہو۔
2017ء میں عراق میں داعش کی شکست کے بعد حالیہ عرصے کے دوران عراق میں ہونے والے دھماکوں میں نمایاں کمی آئی ہے البتہ شدت پسند اب بھی ملک میں سکیورٹی فورسز کو وقتاً فوقتاً نشانہ بناتے رہتے ہیں۔