کارگل میں آیت اللہ شیخ زکزکی کی حمایت میں مظاہرے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مقبوضہ کشمیر کے علاقے کارگل میں انجمن جمعیت العلما اثنا عشریہ کے زیراہتمام آیت اللہ شیخ زکزکی کی حمایت میں مظاہرے کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق، انجمن جمعیت العلما اثنا عشریہ کارگل کی اپیل پر نماز جمعہ کے بعد، نائیجیریا میں اسلامی تحریک کے بانی آیت اللہ ابراہیم زکزکی کی حالت نازک ہونے کے باوجود انہیں جیل سے رہا نہ کئے جانے کے خلاف مرکزی نماز جمعہ کے بعد حوزہ علمیہ اثنا عشریہ سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
احتجاجی ریلی مرکزی امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسین مفید کی قیادت میں برآمد ہوئی جو مرکزی بازار سے ہوتے ہوئے جامعہ مسجد امام علیؑ سے واپس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی حوزہ علمیہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
مظاہرین ابراہیم زکزکی کی حق اور نائجیریائی حکومت کے خلاف فلک شگاف نعرے بازی کر رہے تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل حجت الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے آیت اللہ شیخ زکزاکی اور انکے اہلیہ پر کی جاری نائجیریائی حکومت کی ظلم و بربریت اور نائجیریا کے مومنین کا آئے روز قتل عام کا سخت اور شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت ہندوستان سے اپیل کی کہ حکومت ہندوستان اپنے وسائل کو بروے کار لا کر ہندوستان میں نائجیریا کے سفیر پر دباؤ ڈالیں اور شیخ ابراہیم زکزکی کی رہائی کو یقینی بنائیں تاکہ وہ ہندوستان تشریف لا کر اپنا علاج معالجہ کر سکے اور جلد صحت یاب ہو کر دین محمدی اور مکتب اہلبیت کی خدمت کر سکے۔
اس دوران مظاہرین میں ایڈوکیٹ شاہنواز علی اور نوجوان سماجی رہنما سجاد کرگلی نے بھی خطاب کیا اور آیت اللہ شیخ زکزکی کی بلا جواز گرفتاری کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ۔
مقررین نے اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا کہ شیخ زکزکی کی رہائی کے لئے نائیجیرین حکومت پر دباؤ ڈالا جائے ۔ مظاہرین نے ایسے بینر اُٹھارکھے تھے جن پر شیخ زکزکی کی رہائی کے حق میں نعرے درج تھے۔
واضح رہے کہ آیت اللہ شیخ زکزکی کی آزادی کے لئے گزشتہ کئی دنوں سے نائیجیریا کے مختلف شہروں میں بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔