
بھارت کا جارحانہ طرز عمل عالمی امن کو تباہ کر دیگا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا جارحانہ طرز عمل خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔ بھارت سے پاکستانی علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ غیر اخلاقی ہی نہیں، بلکہ سفارتی آداب کے بھی منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ظالمانہ باب کو اب بند ہو جانا چاہیئے۔ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم منظر عام پر آنے کے بعد پوری دنیا کے سامنے اس کی اصلیت واضح ہوگئی ہے۔ مسئلہ کشمیر کو دو ریاستوں کے درمیان زمینی تنازعہ قرار دے کر واویلا کرنا اقوام عالم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مسلہ کشمیر ریاست میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کی نسلوں کی بقاء کا مسئلہ ہے، جسے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق طے کرنے کی ضرورت ہے۔ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان یہ تنازعہ عالمی امن کو تباہ کرکے رکھ دے گا۔ بھارتی چیف آف آرمی سٹاف یقیناً کسی مغالطے میں ہیں، انہیں اس حقیقت کا ادراک نہیں کہ محض گیدڑ بھبکیوں سے کسی کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ ایک ایٹمی ریاست کے بارے میں جارحانہ عزائم کا اظہار کرتے ہوئے نتائج کو بھی پیش نظر رکھنا ہوگا۔