کشمیر کے بارے میں کوئی بھی درد مند انسان غافل نہیں رہ سکتا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں کوئی بھی درد مند انسان غافل نہیں رہ سکتا اور ہم دنیا کے سبھی قانونی عدالتی عہدیداروں سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کی پامالی کی اجازت نہ دیں۔
ایران کی عدلیہ کے سربراہ ابراہیم رئیسی نے ایران کی اعلی عدالتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کےدوران مسئلہ کشمیر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان کی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کا احترام کریں۔ کشمیرکا کچھ حصہ ہندوستان میں اورکچھ حصہ پاکستان میں ہے۔
حکومت ہندوستان نے گذشتہ پانچ اگست کو جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرتے ہوئے وادی میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔ کشمیری عوام نے نئی دہلی کے اس فیصلے کو اپنے خلاف اعلان جنگ قراردیا ہے۔
ایران کی عدلیہ کے سربراہ اپنے خطاب میں ایران کے ساتھ مذاکرات کی امریکی کوشش بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی حکومت نے بارہا اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیوں کا خاتمہ اور اقتصادی رکاوٹوں کو برطرف کرنا ہر طرح کے مذاکرات کی پہلی شرط ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایرانی عوام امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں اور دباؤ میں آکر اپنے اصولوں اور امنگوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
عدلیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آج امریکہ اور یورپ کو عملی طور پر ایران مخالف پابندیوں کو ختم اور اقتصادی رکاوٹوں کو برطرف کرنا ہوگا۔