کشمیر میں مظالم پر بڑے اسلامی ممالک مذمت کرنے کو بھی تیار نہیں۔
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملی یکہجتی کونسل کی صوبائی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس جماعت اسلامی کے صوبائی مرکز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر جناب لیاقت بلوچ نے کی۔ اجلاس میں دیگر جماعتوں کے نمائندہ اراکین کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مرکزی رہنماء علامہ محمد اقبال بہشتی نے اپنی جماعت کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔
علامہ محمد اقبال بہشتی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام پر امت مسلمہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ 50 روز سے زائد ہونے کو ہیں، کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، مگر بڑے اسلامی ممالک مذمت کرنے کو بھی تیار نہیں۔
انہوں نے جبری گمشدگی کے ایشو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ کسی پاکستانی کو بغیر کسی وارنٹ (پیشگی اطلاع) کے اٹھائیں اور غائب کر دیں، اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خود ماورائے آئین کسی کو لاپتہ کرتے رہیں تو اس ملک کا کیا بنے گا۔
علامہ محمد اقبال بہشتی نے اپنا دورہ پشاور کے موقع پر معروف شخصیت قائم علی شاہ الموسوی مشہدی اور نثار حسین متولی امام بارگاہ جعفریہ سٹریٹ کے انتقال پر انکے لواحقین سے تعزیت بھی کی۔