کشمیر میں سرچ آپریشن، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 کشمیری شہید
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے پیر کی شام پریس کانفرنس میں کہا کہ شوپیاں میں تین حریت پسند مارے گئے جنکی شناخت وسیم احمد وانی، عادل بشیر اور جہانگیر احمد کے طور پر ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں میں مسلح قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کے نام پر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی۔
سرچ آپریشن کے دوران جارحیت پسند بھارتی فوج نے ایک مکان کو بارودی مواد سے تباہ کردیا، جبکہ اندھا دھند فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
جنگی جنون میں مبتلا قابض بھارتی فوج نے لاشیں بھی لواحقین کے حوالے نہیں کیں۔
مودی سرکار کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی، تاہم ہر بار کی طرح اس بار بھی بھارتی فوج کے جھوٹ کا پردہ فاش ہوگیا۔
غیور کشمیری عوام نے نوجوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلع کی مرکزی شاہراہ کو بند کردیا اور قابض بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے جدوجہد آزادی کے حق میں بھی نعرے بلند کیے جس پر قابض بھارتی فورس نے تلملاتے ہوئے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کرکے درجنوں کو زخمی کردیا۔