
بھارت کشمیر میں اسرائیل کاکام کررہا ہے، شیریں مزاری
جب بھارت جنگ کی تیاری کر رہا ہےتو خطے میں امن کیسے آئے گا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدامات کے خلاف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دوسرے روز بھی جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر انسانی حقوق اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ بھارت نے خود تسلیم کیا تھا کہ کشمیر، پاکستان اور بھارت میں تنازع ہے، اب بھارت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقدام مجرمانہ فعل بنتا ہے اور بھارت نے عالمی سطح پر جنگی جرم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شملہ معاہدے میں واضح لکھا ہے کہ بھارت، کشمیر کی یکطرفہ حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا جبکہ بھارتی سپریم کورٹ نے 2016 میں ایک فیصلہ دیا تھا کہ کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے، بھارتی حکومت نے خود ہی اپنے آئین کی دھجیاں اڑائی ہیں، بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی دھجیاں اڑائی ہیں جس سے پاکستان کو فوری طور پر عالمی برادری کو آگاہ کرنا چاہیے۔
‘ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ صدر سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریز کو بھی خط لکھا گیا ہے، انسانی حقوق کونسل مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آزادانہ کمیشن بنائے، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے بھی کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ اسرائیل نے جو فلسطین میں کیا وہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھارت جنگ کی تیاری کر رہا ہےتو خطے میں امن کیسے آئے گا ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ اس نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کلسٹر بم استعمال کر کے عالمی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔