کشمیر کو صرف ایک دن نہیں، ہر لمحہ یاد رکھا جائے، حسن عارف
شیعہ نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسن عارف نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام کو صرف ایک روز کیلئے یاد نہ کیا جائے، بلکہ ان مظلوموں کو ہر لمحہ یاد کرنے اور ان کی مدد کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل نے غزہ کے لئے امدادی سامان لے جانے والے ٹرک کو بھی نہ بخشا!
انہوں نے کہا کہ ہمارا دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لیے اسی طرح دھڑکتا ہے کہ جیسے پاکستانی بہنوں اور بھائیوں کیلئے۔ بھارت کی یہ دہشت گردی اور غنڈہ گردی قابل مذمت ہے اور افسوس تو یہ ہے کہ اقوام متحدہ جیسے بین الاقوامی ادارے بھی اس دہشت گردی اور غنڈہ گردی پر خاموش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں حکومتوں کی جانب سے اس مسئلہ کے حل کیلئے خاطر خواہ کوئی اقدام کئی برسوں میں دیکھنے کو نہیں آیا ہے، کئی برسوں سے دونوں ملکوں کے مابین دوستی کی باتیں تو ہوتی رہی ہیں، مگر مسئلہ کشمیر کے مستقل حل پر کوئی عملی اقدام نظر نہیں آتا۔ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں وگرنہ ہم اس ظلم میں برابر کے شریک ہوں گے۔