
مسئلہ کشمیر، شیعہ علما کونسل کا بھی جمعے کو احتجاج کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا صوبائی دفتر سے جاری بیان میں کہنا ہے کہ بھارت کا کشمیر کے مسئلہ پر حالیہ اقدام آگ اور خون کی جنگ کو بڑھا وا دینے کے مترادف ہے۔
انہوںنے کہا کہ اس اقدام سے امن و امان کی کوششیں سبوتاژ ہونگی، ہر کشمیری کا نعرہ ہے کشمیر بنے گا پا کستان، کشمیر میں جاری مظالم کے بعدہندوستان کے منہ سے اب سیکولر کا نقاب اٹھ چکا ہے اور آج پوری دنیا دو قومی نظریئے کو درست قرار دے رہی ہے۔
علامہ ناظر تقوی نے کہاکہ آج ہندوستان کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اقوام متحدہ، او آئی سی اور سیکیورٹی کونسل کی خاموشی معنی خیز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم زندہ قوم ہیں، ملک کی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیر کی جدوجہد آزادی کے ساتھ نوجوان شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جن حالات سے کشمیر کے عوام دوچار ہیں وہ انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہیں۔
شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کی جانب سے کشمیر میں ہونے والے بدترین مظالم پر جمعہ 9 اگست کو سندھ بھر میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ کراچی کی تمام جامع مساجد کے باہر بھی مظاہرے ہونگے۔