سید علی گیلانی کی مدد کیلئے اپیل پر خاموشی قومی جرم ہوگا، علامہ نیاز نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے نہتے کشمیری عوام پر کلسٹر بم حملے مقبوضہ کشمیر میں فوج کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کا واضح اعلانِ جنگ اور بین الاقوامی اداروں کی مجرمانہ اور شرمناک بے حسی قرار دیا ہے۔
لاہور میں علماء سے گفتگو انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا تو کشمیر، فلسطین، یمن اور برما میں مظلوم مسلمان ظلم کی چکی میں نہ پِس رہے ہوتے۔ سعودی عرب کی قیادت میں بننے والا کثیر الملکی فوجی اتحاد بھی اپنی سمت درست کرکے کشمیر سمیت عالَم اسلام کے تمام مظلوموں کا ساتھ دے۔ حج کے بین الاقوامی عظیم الشان اجتماع پر امامِ کعبہ کو امت مسلمہ کے دیگر مسائل کے ذکر میں کشمیری عوام کی مظلومیت کو بھی بیان کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی رُو سے پوری امت مسلمہ ایک جسم کی مانند ہے، جس کے ہر فرد کا دُکھ درد پورے عالم اسلام کو محسوس کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اعلان جنگ اور کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی مدد کیلئے اپیل پر خاموشی قومی جرم ہوگا۔ حکومت تمام طبقات کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کو پہلے سے زیادہ جوش و جذبے سے مظلوم کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔ یہ اسلامی قومی فریضہ اور وقت کی ضرورت ہے۔
علامہ نیاز نقوی نے خبردار کیا کہ بھارت کی سیاسی قیادت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے یاد رکھے کہ اس کی طرف سے کسی قسم کی بد نیتی، جارحیت اور جنگی جنون کے منہ توڑ جواب کیلئے ملت کا ہر فرد پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا، جس کے نتائج سے فقط بزدل بھارتی فوج ہی نہیں بلکہ اس کے عوام بھی متاثر ہوں گے۔