پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

پشاور، خانہ فرہنگ کے زیراہتمام جشن میلاد النبیﷺ کانفرنس

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) خانہ فرہنگ ایران پشاور میں جشن میلاد النبیﷺ اور "وحدت اور اتحاد بین المذاہب اسلامی” کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے بھرپور شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان، پیر سید عثمان شاہ، مولانا طیب قریشی، مولانا محمد شعیب، مولانا ارشاد حسین خلیلی کے ساتھ دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلم دنیا کو جن مصائب کا سامنا ہے، یہ سب ان کی تقسیم کی وجہ سے ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ علماء کرام آنحضرتﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔

اپنی تقریر میں خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل مہران اسکندریان نے کہا کہ آج ہم آنحضرتﷺ کے مقدس نام کی برکت سے اکٹھے ہوئے ہیں، اس وحدت اور اتحاد کو مستحکم تر کرنے کیلئے ہاتھوں میں ہاتھ دیکر اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ بنیں۔

انہوں نے مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر علامہ اقبال کے شعر کی تشریخ میں کہا کہ ہمارا دین، ہمارا قبلہ، ہمارا اللہ، ہمارا پیغمبرﷺ، ہماری کتاب قرآن ایک ہے، کاش ہماری امت بھی ایک ہوتی۔ حالات حاضرہ کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنی مشکلات کو حل کرنے کیلئے اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈالیں اور ایک ہو جائیں۔ پروگرام کے آخر میں خانہ فرہنگ کی طرف سے اردو زبان میں کتاب "محمدﷺ نبی ہمیشہ کیلئے” کی رونمائی بھی کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button