خانیوال: اربعین حسینی کی قومی مہم سے پنجاب پولیس خوفزدہ، 25 عزادار گرفتار
شیعہ نیوز: ملک بھر میں جاری اربعین حسینیؑ کی قومی مہم سے تکفیری عناصر اور پنجاب پولیس خوفزدہ ، بے گناہ عزاداروں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا، ڈپٹی کمشنر خانیوال ظہیر عباس شیرازی اور ڈی پی او خانیوال محمد علی وسیم شیعہ دشمنی پر اُتر آئے ایک دن 25سے زائد شیعہ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خانیوال پولیس تھانہ عبدالحکیم کی حدود میں چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں داخل ہوگئی اور گھروں میں سوئے افراد کو زبردستی گرفتار کرلیا، رات گئے اطلاع کے مطابق مقامی افراد کا کہنا تھا کہ انتظامیہ بوکھلاہٹ کا شکارہوچکی ہے ، دوسری جانب شیعہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے جلوس ہر حال میں نکلیں گے دشمن اپنی جتنے حربے آزمانا چاہتا ہے آزما لے عزاداری سید الشہداء نہ کبھی ماضی میں رکی ہے اور نہ اب رکے گی۔
اطلاعات کے مطابق رات گئے جن نوجوانوں کو اُٹھا یا گیا ہے ان میں سبطین، عاصم، قیصر،اختر کھرل، عدیل کھرل اور دیگر شامل ہیں۔ جبکہ اس سے پہلے دن میں مذاکرات کے بہانے سے دھوکے سے بلائے گئے 4 شیعہ جوانوں کو اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کو 16ایم پی او کے تحت اُٹھایا گیا جبکہ گرفتار نوجوانوں کو ڈسٹرکٹ جیل خانیوال منتقل کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ خانیوال کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس سعودی نواز کالعدم سپاہ صحابہ/لشکر جھنگوی کے دباؤمیں آکر کبیروالا اورعبد الحکیم کے علاقوں میں اربعین امام حسین ؑ کے موقع پر نکالے جانے والے مارچ سے خوفزدہ ہیں اور اسے روکنے کیلئے جبر واستبداد کا سہارا لے کر عزاداروں کو آزمانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔