
پاکستان پیپلز پارٹی کو تاریخی شکست جتوئی گروپ کے تمام کامیاب امیدوار ایم ڈبلیو ایم میں شامل
شیعہ نیوز: سندھ کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں خانپور ٹاؤن کمیٹی پر پاکستان پیپلز پارٹی کو تاریخی شکست، 8 نشستوں سے 6 نشستوں پر جتوئی گروپ آزاد امیدوار اکثریت سے کامیاب ہوگئے، جتوئی گروپ کے 6 آزاد کامیاب امیدواروں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کرلی۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں سردار زادہ مہدی حسن جتوئی، غلام اصغر، عطاء محمد آرائین، ثناءاللہ سیٹھار، علی مراد سیٹھار، اصغر علی سیٹھار شامل ہیں۔ الیکشن جیت کر ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے والے امیدواروں کو مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کی جانب سے ویلکم کیا گیا۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم تحصیل گڑھی یاسین کے صدر مستنصر مہدی ابڑو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ایک سیاسی جماعت ہے اور مظلوموں کے حقوق کی خاطر ہمیشہ صف اول میں کھڑے ہوکر آواز بلند کی ہے، ایم ڈبلیو ایم میں شامل ہونے والے 6 کامیاب امیدواروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، امید ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پرچم تلے عوام کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی ضلع شکارپور میں پہلی کامیابی ہے، ان شاء اللہ خانپور ٹاؤن کمیٹی پر چیئرمین شپ ایم ڈبلیو ایم کی ہوگی۔