
کوالالمپور سمٹ میں شرکت نا کر کے عمران خان نے قوم کی توہین کی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) تحریک حسینی پاراچنار کے صدر علامہ یوسف حسین جعفری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آل سعود کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ملائشیاء کانفرنس میں شرکت نہ کرکے دنیا بھر میں ملک و قوم توہین کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائشیاء کانفرنس پاکستان کیلئے ایک بہترین موقع تھا کہ وہ خود کو آزاد اور خود مختار ریاست ثابت کرتے ہوئے امت مسلمہ میں اپنا ایک باوقار مقام پیدا کرتے، لیکن وزیراعظم کے کانفرنس میں شرکت نا کرنے کے فیصلے نے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق علامہ یوسف جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے عمران خان کو ووٹ اس لئے دیا تھا کہ وہ ملک کی خود مختاری کو یقینی بنائیں گے اور خارجہ پالیسی کو تبدیل کرتے ہوئے وطن عزیز کو امریکی و سعودی غلامی سے نجات دلائیں گے۔
علامہ یوسف جعفری کا مزید کہنا تھا کہ خودمختار ریاست مدینہ کے دعویدارعمران خان کی جانب سے سعودی آقاؤں کی بدترین اور قابل مذمت اطاعت گزاری کی وجہ سے ملک و قوم کو دنیا بھر میں جس ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے ، اس کی مثال نھیں ملتی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد بن سلمان کی جانب سے اجازت نہ ملنے پرعمران خان نے کوالامپور سمٹ میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔