لاہور، فرقہ عشق ڈرامے کی پوری ٹیم کیخلاف مقدمہ درج
شیعہ نیوز: لاہور کے تھانہ سول لائنز میں درج کئے گئے مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈرامے میں حضرت عباس علیہ السلام کےعلم اور سبیل امام حسین علیہ السلام اور ماتمی جلوس کے دوران لو سٹوری کی شوٹنگ توہین مقدساتِ آل محمد ہے، جس کی وجہ سے پاکستان کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، اس اقدام سے ملک میں فرقہ واریت پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ ایف آئی آر میں ای میکس پروڈکشن، لکھاری خرم عباس، ڈائریکٹر حسن طلعت، اداکارہ حبا بخاری، اداکارہ ثناء فخر، اداکار ارسلان نصیر، اداکار اکبر اسلم، اداکار فرحان گوہر کو نامزد کیا گیا ہے۔ درخواست لاہور ہائیکورٹ کے وکیل خاور بہلول نے ملزمان کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پر ڈرامہ سیریل کا اپ کمنگ ٹریلر دیکھا، تصاویر دیکھیں، جس کا ٹائٹل فرقہ عشق ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا اداکارہ اور اداکار کو جلوس کے دوران دکھایا گیا، پاکیزہ جلوس میں عشیقہ ملاقاتیں دکھائی گئی ہیں۔ یہ اقدام نواسہ رسول کی عزاداری کی توہین ہے، یہ اہلبیتؑ کی بھی توہین ہے۔ اس سے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے، یہ ڈرامہ سیریل ملک میں شیعہ سنی فساد برپا کر سکتی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اس ڈرامے پر فوری پابندی عائد کی جائے اور الزام علیہان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔