اہم پاکستانی خبریں

لاہور، سابق وفاقی وزیر منیر گیلانی کی ڈی جی خانہ فرہنگ ایران سے ملاقات

شیعہ نیوز: سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اصغر مسعودی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور ان کی بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ منیر گیلانی نے کہا کہ ابراہیم رئیسی کی شہادت سے عالم اسلام ایک نڈر لیڈر سے محروم ہوگیا ہے۔ ابراہیم رئیسی ایک شجاع اور بہادر رہنما تھے۔ ان کی شہادت پر پاکستانی قوم افسردہ ہے۔ صدر جمہوری اسلامی ایران، وزیر خارجہ حسین عبداللہیان، امام جمعہ تبریز کی شہادت سے لگا کہ جیسے ہمارے اپنے خاندان کے افراد ہم سے کھو گئے ہوں۔

ایران اور انقلاب اسلامی سے وابستگی کا حوالہ دیتے ہوئے منیر حسین گیلانی نے بتایا کہ وہ تبریز میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ محرم کے دوران عزاداری میں بھی شریک ہو چکے ہیں۔ جبکہ وہ تحریک جعفریہ کے رہنما کے طور پر موجودہ رہبر معظم اور اس وقت کے صدر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کی قیادت میں شاندار استقبال بھی کر چکے ہیں، جب وہ 1986ء میں پاکستان کے دورے پر آئے۔

اصغر مسعودی نے مفکر پاکستان علامہ اقبال کی شاعری کو سراہتے ہوئے کہا اقبال لاہوری ایران نہیں گئے مگر ان کا زیادہ تر کلام فارسی میں ہونے کی وجہ سے ایرانی لوگ انہیں خوب جانتے ہیں۔ انہوں نے سید منیر حسین گیلانی کی سیاسی، سماجی اور قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ان کا اپنا سیاسی تجربہ ہے کیونکہ وہ پارلیمنٹ کے ممبر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا سید منیر حسین گیلانی کی وفاقی وزیر تعلیم کی حیثیت سے خدمات قابل تعریف ہیں کیونکہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کیلئے اہم شعبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منیر گیلانی نے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں اور سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے کا اہم قومی فریضہ سر انجام دیا۔

سید منیر حسین گیلانی نے اپنی خودنوشت ”سیاسی بیداری“ بھی انہیں پیش کی اور بتایا کہ ان کی کتاب برصغیر کے تقریباً ایک صدی کے سیاسی اور مذہبی ایشوز کا احاطہ کرتی ہے۔ اصغر مسعودی نے خود نوشت کو سراہتے ہوئے کہا رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای مطالعہ کا شوق رکھتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button