لاہور، آئی ایس او کا 2 اکتوبر کو ’’نامنظور اسرائیل ریلی‘‘ نکالنے کا اعلان
شیعہ نیوز: امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کی جانب سے 2 اکتوبر کو نامنظور اسرائیل ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ نامنظور اسرائیل ریلی بروز اتوار شام 4 بجے لاہور پریس کلب سے امریکی قونصلیٹ تک نکالی جائے گی۔ آئی ایس او لاہور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق حالیہ مہینوں میں دو پاکستانی وفود کے اعلانیہ ناجائز صیہونی ریاست کے دورہ جاتے اور اس غیر آئینی اور غیر انسانی عمل پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی کیخلاف صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، جس کا وجود کسی طور بھی تسلیم نہیں کیا جا سکتا، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، دو ریاستی حل کی تجویز کو بھی مسترد کرتے ہیں، مسئلہ فلسطین کا واحد حل فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے وفود کے اسرائیلی دورے قابل مذمت اور فلسطینی بھائیوں کے خون کیساتھ غداری کے مترادف ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کے حوالے سے واضح پالیسی جاری کر دی تھی، اس سے انحراف ملک اور امت کیساتھ خیانت ہے۔