لاہور، ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی نائب قونصل جنرل سے ملاقات، ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہار افسوس
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کی قیادت میں اعلی سطح کے ایک وفد نے قونصلیٹ جنرل جمہوری اسلامی ایران لاہور کا دورہ کیا اور لاہور میں ایرانی نائب قونصل جنرل علی اصغر مغاری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آیت اللہ سید اہراہیم رئیسی، وزیر امور خارجہ حسین امیر عبدالہیان، رہبر معظم انقلاب اسلامی کے ترجمان حجۃ الاسلام و المسلمین آل ہاشم، آذربئیجان کے گورنر آقائے مالک رحمتی، سردار آقائے سید مھدی موسوی کی ناگہانی شہادت پر تعزیت پیش کی۔ اس موقع پر شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔
علامہ سید احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ آیت اللہ ابراہیم ریئسی نے ایران کو تنہائی سے نکال کر خطے کی ضرورت بنا دیا تھا، ایران خطے میں تیزی سے ترقی کرتا ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابراہیم ریئسی کی شہادت سے پیدا ہونیوالا خلا مدتوں پورا نہیں ہوگا۔ صرف ایران ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ملت تشیع پاکستان اپنے ایرانی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ بعدازاں علامہ احمد اقبال رضوی نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔