لاہور، عید میلادالنبی(ص) کی مناسبت سے "وحدت امت ریلی”کئی سوافراد کی شرکت
شیعہ نیوز: لاہور میں 12 ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کی پرُ برکت مناسبت سے حوزہ علمیہ جامعہ العروة الوثقیٰ کے زیرِانتظام عظیم الشان وحدتِ امت ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو جامعہ عروۃ الوثقیٰ سے شروع ہوئی اور قینچی سٹاپ والٹن فیروز پور روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ وحدتِ امت ریلی میں بِلا تفریقِ مسلک و مذہب ہزاروں افراد نے شرکت کی اور رسول اللہ ﷺ سے اپنے عشق و عقیدت کا اظہار کیا۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریکِ بیداری امتِ مصطفیؐ اور زعیم جامعہ عروۃ الوثقیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے عرب کی جاہل قوم کو تبلیغ اور تربیت کے ذریعے خیرِ امت میں بدل دیا اور ان کی باہمی دشمنیوں کو اخوت و محبت میں ڈھال دیا۔ ریوڑ کو امت بنانا ایک عظیم معجزہ ہے جو تعلیم و تربیت سے ممکن ہوا ،اب یہ امت کا فریضہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے مشن کو تکمیل تک پہنچائے اور اس مقصد کیلئے خود کو قوم، قبیلہ، مسلک و گروہ کی حالت سے نکال کر امت کے قالب میں ڈھالے کیونکہ امت ہی قرآنِ مجید کی واحد قابلِ قبول اجتماعی حالت ہے۔
علامہ سید جواد نقوی نے بیداریِ امت کو راہ حل کے طور پر پیش کیا اور کہا کہ اس ہلاکت خیز فتنے میں جو چیز ضروری ہے وہ بصیرت غور و فکر، تدبر و تفکر اور گہرا تجزیہ ہے تاکہ اختلاف و تفرقے اور دشمنان اسلام کی عیاری و مکاری سے بچتے ہوئے مسلمانوں کی صفوں میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں ناکام بنائی جا سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمِ اسلام کے سامنے عزت و سرفرازی کا ایک آزمودہ راستہ موجود ہے جس کو حکیمِ امت علامہ محمد اقبالؒ نے خودی اور بانی انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ امام خمینی نے ہویت سے تعبیر کیا ہے۔ مسلمانوں کو اپنی اصل شاخت اور پہچان کی جانب رجوع کرنے کی ضرورت ہے جس نے انہیں عرب کے ریگزاروں سے اٹھا کر دنیا کا حاکم بنایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مسلمانوں کیلئے باعثِ شرم ہے کہ قرآن مجید اور حدیث جیسے خزانے رکھنے کے باوجود ہمارے ممالک میں مغربی نظام لاگو ہیں چاہے وہ معیشت کا نظام ہو یا سیاست کا یا تعلیم کا، ہر طرف مغرب کے نظاموں کا غلبہ ہے۔ مسلمانوں کو احساسِ زیاں کرتے ہوئے اپنی اصل کی جانب پلٹنا ہوگا اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اسلامی نظام دریافت کرنے ہوں گے تاکہ اسلامی معاشرہ اور اس سے بڑھ کر اسلامی تہذیب وجود میں آ سکے۔