لاہور پولیس نے چہلم امام حسینؑ کا سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاہور پولیس نے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے نکلنے والی مرکزی جلوس کا سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کے مطابق عرس داتا علی ہجویری ؒکے موقع پر 3 ایس پیز، 10 ڈی ایس پیز، 28 انسپکٹرز اور 2 ہزار زائد پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گے جبکہ 19 صفرالمظفر کے پانڈو سٹریٹ جلوس پر 2 ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز، 21 انسپکٹرز اور 133 اَپر سب آرڈینیٹس ڈیوٹی دیں گے اور اندرون شہر سے برآمد ہونیوالے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے مرکزی جلوس پر 7 ایس پیز، 23 ڈی ایس پیز، 73 انسپکٹرز اور 417 اَپر سب آرڈینیٹس تعینات ہوں گے۔
ڈی آئی جی آپریشن کے مطابق جلوس کے روٹ کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائیگا اور جلوس کی فضائی نگرانی اور روف ٹاپ سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ اشفاق خان کا کہنا ہے کہ ڈولفن اور پی آر یو کی ٹیمیں بھی موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی جبکہ چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے شروع ہوکر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا جبکہ سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیرئیرز سے مدد لی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہری جلوس میں شامل ہونے کیلئے مقرر کردہ پوائنٹس پر ہی گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔