لاہور، ہارنے والے متعدد امیدواروں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا
شیعہ نیوز: لاہور سے اپنی سیٹیں ہارنے والے متعدد امیدواروں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔ این اے 119، این اے 127 اور این اے 130 کے نتائج ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیئے گئے ہیں۔ عدالت سے نواز شریف، مریم نواز اور عطا تارڑ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ این اے 118 سے حمزہ شہباز کی کامیابی بھی چیلنج کر دی گئی ہے۔ درخواستوں میں الیکشن کمیشن، متعلقہ ریٹرننگ افسران سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ اشتیاق اے چودھری ایڈووکیٹ نے میاں محمد نواز شریف کی کامیابی کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ این اے 119 سے آزاد امیدوار شہزاد فاروق نے مریم نواز کی کامیابی کیخلاف درخواست دائر کی۔ این اے 127 سے ن لیگی کامیاب امیدوار عطاءتارڑ کی کامیابی کیخلاف ناکام امیدوار ملک ظہیرعباس کھوکھر نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
این اے 118 سے حمزہ شہباز کی کامیابی کو تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار عالیہ حمزہ نے چیلنج کیا ہے، جبکہ پی پی 169 لاہور کے نتائج کیخلاف ناکام امیدوار میاں محمودالرشید نے نتائج چیلنج کئے ہیں۔ درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق انتخابی نتائج کے وقت امیدوار یا اس کے مجاز نمائندے کا موجود ہونا ضروری ہے۔ ریٹرننگ افسران نے ووٹوں کی گنتی کے عمل سے درخواستگزاروں کو نکال کر فارم 47 جاری کر دئیے، درخواستوں میں استدعا کی گئی کہ عدالت فارم 47 پر نتائج جاری کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے اور کیس کے حتمی فیصلے تک متعلقہ حلقے کے نتائج روکنے کا حکم دیا جائے۔