لاہور، یوم شہادت خاتون جنتؑ عزت و احترام سے منایا گیا
شیعہ نیوز: بنتِ پیمبر ؐ خاتون جنت، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا یوم شہادت ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا، جس کیساتھ ہی عالمی عشرہ عزائے فاطمیہؑ کے پروگرام اختتام پذیر ہو گئے۔ اس موقع پر شہر کی تمام امام بارگاہوں میں مجالس عزاء اور شدید سرد موسم کے باوجود ماتمی جلوسوں کا انعقاد کیا گیا۔ مجالس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام، واعظین اور ذاکرین نے سیرتِ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر روشنی ڈالی اور اسوہ بتولؐ کو طبقہ نسواں کیلئے نمونہ کامل قرار دیا۔ اس موقع پر یوم شہادت خاتون جنت ؑ کا مرکزی جلوس موچی گیٹ سے برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دربار بی بی پاکدامن پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جلوس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کی۔
اس کے علاوہ شہر بھر میں مجالس سے عزا کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ امام بارگاہ گلستان زہرا ایبٹ روڈ پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید علی حسین مدنی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا ؑ جو تمام مکاتب کے نزدیک عالمین کی عورتوں کی سردار اور خاتون جنت ہیں، جن کا فقط سنی شیعہ نہیں بلکہ پوری انسانیت دل سے احترام کرتی ہے، حضرت فاطمہ ؑ باغ نبوت کا پھول اور کار پیمبری میں شریک رسول ؐ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن عظمت محمد و آل محمد کا قصیدہ ہے، جس سے سبق حاصل کر کے ہم اپنی نجات کا سامان کر سکتے ہیں۔ مجالس کے بعد ماتمی جلوس بھی برآمد ہوئے جن میں عزاداروں نے نوحہ خوانی اور ماتم کیا۔