پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

قانون نافذ کرنیوالے ادارے پاراچنار میں دہشتگرد کاروائیوں کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں، ناصر شیرازی

شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ضلع کرم پاراچنار میں گذشتہ ایک ہفتے سے جاری کشیدگی اور محاصرے کے تناظر میں کہا کہ حساس ترین سرحدی علاقے میں اس طرح کے حالات کسی صورت سودمند نہیں ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سکیورٹی اداروں کو تماشائی بننے کے بجائے اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس وقت پاراچنار غزہ کا منظر پیش کررہا ہے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ اعجاز حسین بہشتی اور صدر صوبہ خیبر پختونخوا علامہ جہانزیب جعفری سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ گذشتہ 6 روز میں کئی بے گناہ شیعہ شہری دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید کئے جاچکے ہیں، محاصرے کے سبب شہریوں اور ضروری اشیاء کی آمد ورفت بند ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل تری مینگل میں اسکول کے اندر گھس کر 5 اساتذہ کو محض شیعہ ہونے کے جرم میں بے دردی سے شہید کیا گیا لیکن آج تک ان کے قاتلوں کو بھی سزا نہیں دی جاسکی۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آگ و خون میں جھونکا جارہا ہے، یہ سارا کھیل پاکستان کے بیدار عوام کی توجہ مسئلہ غزہ سے ہٹانے کیلئے کھیلا جارہا ہے۔ ناصر شیرازی نے مزید کہا کہ اگر پاراچنار کے حالات کو سنجیدہ نہ لیا گیا تو معاملات بگڑسکتے ہیں، اہلیان پاراچنار صبر و تحمل سے کام لے رہے ہیں، جنہیں بعد میں کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button