ایران کی مسلح افواج کا رہبرانقلاب اسلامی کے فرمان پر لبیک
شیعہ نیوز:مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کے فرمان پر لبیک کہتے ہیں اور اپنی پوری توانائیوں اور وسائل کے ساتھ کورونا کے خلاف موثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے تمام دستوں، بشمول سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، فوج، عوامی رضاکار فورس بسیج اور تمام بڑے فوجی اداروں اور محکموں کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں کہ وہ وقت ضائع کیے بغیر لازمی آمادگی کے ساتھ، کورونا کے خلاف آپریشن کی منصوبہ بندی کریں۔
جنرل باقری نے مزید کہا کہ مسلح افواج اپنی پوری توانائیوں اور بھرپور وسائل کے ساتھ عوام کی خدمت نیز وزارت صحت اور انسداد کورونا کمیٹی کے ساتھ ہرقسم کا تعاون کرنے کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے تمام دستے لوگوں کی عزت اور احترام کو پوری طرح ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کورونا کے نتیجے میں بے روزگار ہونے والے خاندانوں کی بھرپور امداد کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے قومی ویکسین پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے بھی مسلح افواج کی مکمل آمادگی کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کے روز اپنے نشری خطاب میں ملک کی مسلح افواج کو ہدایت کی تھی کہ وہ کورونا کے خلاف مہم میں حکومت کی مدد کریں۔