رہبر انقلاب کا ولادت حضرت زینب اور نرس ڈے کی مناسبت سے عوام سے خطاب۔
شیعہ نیوز:رہبر انقلاب اسلامی نے بنت علی (ع) حضرت زینب کبریٰ علیہا سلام کے یوم ولادت اور نرس ڈے کی مناسبت پر براہ راست عوام سے خطاب فرمایا۔
اس موقع پر آپ نے فرمایا آج نرسنگ کے پیشے سے وابستہ افراد عوام کی نگاہ میں پہلے سے زیادہ محترم اور عزیز ہوگئے ہیں اور یہ خدا کا لطف ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا اور اس میں فروغ آئے گا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: میں اس دن کی نرسنگ کے شعبے سے وابستہ آپ تمام عزیزوں کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ خداوند تعالی اپنی توفیقات آپ کے شامل حال کرے گا اور آپ تمام لوگوں کو دین و دنیا کی بھلائی اور سعادت اخروی سے سرفراز فرمائے گا۔
آپ نے فرمایا کہ میں یہاں ان تمام گھرانوں اور کنبوں کی خدمت میں جن کے عزیز میڈیکل کے شعبے سے اپنی وابستگی کے سبب کورونا کے حوادث میں اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں، تعزیت پیش کرنا ضروری سمجھتا ہوں اور ان فداکار اور سرفروش مجاہدوں کے لئے خداوند تعالی کی بارگاہ میں بلندی درجات کی دعا کرتا ہوں۔
آپ نے نرس کو مریض کے لئے فرشتۂ رحمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حقیقی تعبیر ہے اور اس میں کوئی مبالغہ نہيں ہے، نرس بیمارے کے بدن سے بھی سروکار رکھتی اور بیمار کی روح سے بھی اس کا تعلق ہوتا ہے۔