لیبیا، صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی کوششیں، عوام کا شدید احتجاج
شیعہ نیوز :لیبیا اور صہیونی حکومت کے درمیان تعلقات کی پس پردہ کوششوں کی خبروں کے بعد عوام نے دارالحکومت میں شدید احتجاج کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، غزہ اور لبنان میں بے گناہ لوگوں پر حملوں اور علاقائی ممالک کے خلاف جارحیت پر صہیونی حکومت کے خلاف عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔
مختلف ممالک میں عوام اور انسانی حقوق کے ادارے صہیونی حکومت کا بائیکاٹ کرنے کے لئے مطالبہ کررہے ہیں۔
طوفان الاقصی کے بعد بعض عرب ممالک کی جانب سے صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی کوششیں بری طرح ناکام ہوگئی ہیں۔
یہ بھی پڑیھیں : 460 دنوں سے جاری اسرائیلی بربریت کےباوجود اہل فلسطین نے ثابت کیا کہ وہ حق اور انصاف کیلئے لڑنے والے ہیں کبھی نہیں جھکیں گے، علامہ راجہ ناصرعباس
مسلمان اور عرب عوام میں صہیونی حکومت کے خلاف شدید نفرت پائی جاتی ہے۔ اس کے باوجود بعض حکومتیں اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔
اس سلسلے میں لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں گزشتہ رات اس وقت بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے جب سابق وزیر داخلہ نجلاء المنقوش نے انکشاف کیا کہ لیبیا کے وزیر اعظم نے 2023 میں ان کے اور صیہونی حکومت کے سابق وزیر خارجہ ایلی کوہن کے درمیان ملاقات کرانے کی کوشش کی تھی۔
سابق خاتون وزیرداخلہ کے انکشاف کے بعد طرابلس کے علاقے سوق الجمعہ کے رہائشیوں نے ٹائر جلاکر اور سڑکیں بلاک کرکے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی سازشوں کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین لیبیا کی حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کررہے تھے۔
یاد رہے کہ صہیونی اخبار یدیعوت احارونوت نے 2023 میں اٹلی میں کوہن اور منقوش کے درمیان خفیہ ملاقات کی خبر دی تھی جس کے بعد لیبیا میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔