
مہاتیر محمد کا اسلامو فوبیا کی سازشوں کا مقابلہ کرنے پر زور
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس جمعرات کی صبح شروع ہوا جس میں ایران اور ترکی کے صدور ، قطر کے امیر اور ملائیشیا کے وزیراعظم سمیت اسلامی ممالک کے سیکڑوں اعلی حکام اور مندوبین نیز دانشور و مفکرین شریک ہیں۔
کوالالمپور دوہزار انیس اجلاس کے آغاز سے قبل اجلاس میں شریک مختلف ملکوں کے سربراہوں نے یادگاری فوٹو کھنچوائے اور اس کے بعد ملائیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ کی تقریر سے اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
بعد ازاں ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلاموفوبیا کی سازش کا مقابلہ کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس اجلاس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے اچھے اور مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور ترقی و پیشرفت کے لئے بنیادی کاموں کے راستے ہموار ہوں گے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ مغرب سے وابستگی کو ختم اور کم کرنےکے لئے راستے تلاش کریں تاکہ دشمنان اسلام کے مقابلے میں اپنا دفاع کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ باوجود اس کے کہ ملائیشیا ایک اکثریتی مسلمان ملک ہے پھر بھی یہاں مختلف مذاہب اور قومیتوں کی اقلیت بھی رہتی ہیں جو اپنے اپنے انداز میں اپنی رسومات ادا کرتی ہیں۔