خیال نو سماجی ادارے کی جانب سے مجلس عزا کا انعقاد، منفرد تبرک کی تقسیم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی سماجی تنظیم خیالِ نو (Ideas9) کی جانب سے اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینے کے لیے لاہور کے علاقے شادمان میں واقع امام بارگاہ قصرِ بتول (س) میں بین المسالک مجلس عزاء منعقد کی گئی، جس میں تمام مکاتبِ فکر کے افراد نے امام حسین (ع) کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے فلسفۂ قربانی پہ اظہار خیال کیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں منعقد اس منفرد مجلس سے اختتامی خطاب میں علامہ ابصار نقوی نے شرکاء کو تمام مسالک کے مشترکہ اثاثے قرآن مجید کی جانب دعوت دیتے ہوئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لینے کی درخواست کی۔ اختتام پر روایتی نیاز کے ساتھ ساتھ شرکاء میں پودے بھی تقسیم کئے گئے، تاکہ قربانی کے دیرینہ پہلو، امن کے ساتھ ساتھ فلاحِ انسانیت اور ماحول دوستی کا عملی درس دیا جا سکے۔
یہ خبر بھی پڑھیں پنجاب حکومت نے عزاداری مخالف روش نہ بدلی تو وسیع احتجاج پر مجبور ہونگے
مجلس عزاء میں شریک تمام مسالک کے پیروکاران نے تنظیم خیال نو کی اس کاوش کو خوب سراہا اور پودوں کی تقسیم کو ایک منفرد اور اچھوتا انداز قرار دیتے ہوئے تمام پاکستانیوں سے اسے نقل کرنے کی اپیل کی۔
تنظیم خیال نو کے صدر اسد رضا اعوان نے اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے ہموطنوں سے درخواست کی کہ بدلتے ہوئے موسمی حالات میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور دوستوں میں بساط بھر تقسیم بھی کریں، یہ ایک ایسا تبرک ہے، جو تھوڑی سی محنت اور دیکھ بھال سے سالہا سال نسل در نسل جاری رہ سکتا ہے۔
خیال نو کی جانب سے منعقد کردہ مجلس میں بطور نیاز تقسیم کئے گئے پودے سید الشہداء سے منسوب تھے۔ خیال رہے کہ تنظیم خیال نو گذشتہ کئی برس سے رمضان المبارک کے میں لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں تمام مسالک کے لئے مشترکہ افطار اور نماز کا اہتمام بھی کرتی ہے۔